تھانے4نومبر ( آئی این ایس انڈیا/ایس او نیوز) تھانے پولیس کی رنگداری مخالف اکائی نے ڈومبی ولی علاقے میں ایک نجی جاسوس اور اس کی بیوی کو ایک آئی اے ایس افسر سے ایک کروڑ روپے کی وصولی کرتے ہوئے گرفتار کیا ہے۔ اس آئی اے ایس افسر کو چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔ تھانے پولیس نے ملزمان کو ایک کروڑ لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیاہے۔ تھانے پولیس کمشنر پرمبیر سنگھ نے بتایا کہ ملزم ستیش ماگلے نے آئی اے ایس افسر رادھے شیام موپلوار کی ایک آڈیو کلپ کے بدلے 10 کروڑ کا مطالبہ کیا تھا ۔ ملزم ستیش ماگلے نے آئی اے ایس افسر پر دباؤ بنانے کے لئے آڈیو کلپ کے ساتھ ان کی مختلف محکموں میں شکایت بھی کی تھی۔خاص بات یہ ہے کہ ایم ایس آر ڈی سی کے ایم ڈی رہتے ہوئے ایک جگہ کی شفٹنگ کے بدلے رشوت مانگنے والے آئی اے ایس افسر رادھے شیام موپلوار کا آڈیو بھی وائرل ہوا تھا جس کے بعد انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ تھانے پولیس کے مطابق رادھے شیام موپلوار نے 10کروڑ مانگنے کی شکایت درج کرائی تھی۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے ابتدائی تفتیش میں پیسے کی مانگ کے ثبوت ملنے پر 7 کروڑ میں سودا طے کر ٹریپ لگایا اور پہلی قسط کے طور پر ایک کروڑ لیتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیاہے۔ خاص بات یہ ہے کہ پولیس نے معاملے میں ملزم جاسوس ستیش ماگلے کے ساتھ ان کی بیوی شردھاماگلے کو بھی گرفتار کیا ہے۔ دو ملزمان ابھی بھی فرار ہیں۔ تھانے پولیس کے مطابق ستیش ماگلے کے خلاف اس سے قبل بھی بھتہ خوری، عصمت دری اور ایک افسرکا سی آر ڈی نکالنے کا معاملہ درج ہے۔